نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل نے بھی اسنیپ چیٹ کے سٹوریز کے فیچر چوری کر کے اسے یوٹیوب میں شامل کر دیا ۔ اسی حوالے سے کمپنی کی ویب سائٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسنیپ چیٹ سے مقبولیت حاصل کرنے والے سلائیڈ شو جیسے فارمیٹ کو صارفین کے لیے متعارف کرارہی ہے جو کہ اس وقت لگ بھگ ہر ٹیکنالوجی کمپنی کا حصہ بن چکا ہے۔
اس فیچر کو یوٹیوب نے ریلز کا نام دیا ہے جس کے ذریعے صارفین تیس سیکنڈ تک کے ویڈیو کلپس کو اسٹیکرز، فلٹرز، موسیقی، ٹیکسٹ اور دیگر ڈیزائن آپشنز سے سجا سکیں گے۔تاہم یوٹیوب کی یہ اسٹوریز دیگر ایپس کے مقابلے میں کچھ مختلف ہے۔ یوٹیوب ریلز کسی مقررہ وقت میں خودبخود ڈیلیٹ نہیں ہوتیں، جبکہ صارفین کے پاس یہ سہولت بھی ہوگی کہ وہ بیک وقت ایک سے زیادہ بھی اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔گوگل کے مطابق اس فیچر کو
متعارف کرانے کا مقصد ایسی پوسٹس کے لیے صارفین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جب وہ مکمل ویڈیو اپ لوڈ نہ کرنا چاہتے ہوں۔ اس فیچر میں طویل یوٹیوب ویڈیوز کے لنکس کو بھی ایڈ کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔اس فیچر کو متعارف کرانے کا ایک اور مقصد سوشل میڈیا نیٹ ورک کے طور پر بھی یوٹیوب کو تیار کرنا ہے جس نے گزشتہ دنوں ہی ایپ کے اندر چیٹ کا آپشن بھی کمیونٹی ٹیب میں دیا ہے۔اب اس نئے فیچر کو بھی ایک نئے ٹیب میں صارفین کے لیے رکھا جائے گا جو کہ فی الحال آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے۔