کراچی( این این آئی) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے آئی ٹی کی جدید سہولیات بلامعاوضہ فراہم کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں کراچی کے علاقہ کلفٹن میں واقع شہید بے نظیر بھٹو پارک میں وائی فائی لگانے کا فیصلہ کیا ہے
جس کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 50 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں-یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں آئے ہوئے عمادین شہر سے ملاقات کے دوران کہی۔ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا کہ موجودہ سندھ حکومت آئی ٹی کے شعبے کو مزید فعال کرنے اور جدید خطوط پر استور کرنے کے لیے تمام وسائل برو ئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی وائی فائی کی مفت سہولیاتبہم پہنچا نے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ شہر بھر کے عوام اس سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ ڈاکٹر سکندر شورو نے مزید کہا کہ طلبہ و طالبات میں تحقیقی کلچر مزید فروغ دینے کے لیے پہلے مرحلے میں جامشورو میں واقع سرکاری یونیورسٹی میں ریسرچ انکیوبیٹر کے قیام کے لیے 40.51 ملین روپے مختص کئے ہیں تاکہ نوجوانوں میں تحقیق کے رجحان کو بڑھانے اور جدید انداز سے تحقیق کرنا ممکن بنایا جاسکے۔