دبئی (نیوز ڈیسک ) سال 2016ءکے لئے دنیا کی محفوظ ترین ائیرلائنوں کی فہرست جاری، جس میں دو خلیجی ائیرلائنیں بھی شامل ہیں، لیکن آسٹریلیا کی قنطاس ائیرلائن مسلسل تیسرے سال دنیا کی محفوظ ترین ائیرلائن کا اعزاز لے اڑی ہے۔ اس ائر لائن کو اب تک ایک بھی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔ذرائع کے مطابق محفوظ ترین ائیرلائنوں کی فہرست جاری کرنے والی ویب سائٹ ’ائیرلائن ریٹنگز ڈاٹ کام‘ نے کل 407 ائیرلائنوں کا جائزہ لیا۔ 20 محفوظ ترین ائیرلائنوں میں قنطاس ائیرلائن کے بعد ائیرنیوزی لینڈ، الاسکا ائیرلائن، آل نپن ائیرویز، امریکن ائیرلائن، کیتھے پیسفک، ایمریٹس، اتحاد ائیرویز، ایوا ائیر، فن ائیر، ہوائن ائیرلائنز ، جاپان ائیرلائنز، کے ایل ایم، لفتھینزا، سکینڈے نیویئن ائیرلائن سسٹمز، سنگاپور ائیرلائنز، سویس ، یونائیٹڈ ائیرلائنز، ورجن اٹلانٹک اور ورجن آسٹریلیا کے نام شامل ہیں۔ محفوظ ترین ائیرلائنوں کے انتخاب کے لئے آپریشن ہسٹری، حادثات کے ریکارڈ اور آپریشن ایکسیلنس جیسے عوامل کو جانچا گیا، جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری ایجنسیوں کی طرف سے ائیرلائنوں کے حفاظتی آڈٹ کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ ریٹنگ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ فہرست میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی ائیرلائنیں ہمیشہ سے اچھے ریکارڈ کی حامل رہی ہیں اور بلا شبہ یہ مسافروں کے لئے محفوظ ترین سفر کی ضامن ہیں۔