اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کے تحفظ کے لیے متعارف کرائے گئے پنک بٹن کی طرز پر بیویوں کے ہاتھوں تشدد کا سامنا کرنے والے مردوں کے لیے بھی بلیک بٹن متعارف کرانے کی دلچسپ تجویز پیش کردی۔
چکوال میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران مریم نواز نے ہلکے پھلکے انداز میں بتایا کہ گزشتہ روز ایک وزیر نے انہیں آگاہ کیا کہ ہراسانی سے متاثرہ لڑکیوں کی مدد کے لیے پنک بٹن کی سہولت موجود ہے۔ اس پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ایسے مردوں کے لیے بھی بلیک بٹن ہونا چاہیے جنہیں گھروں میں اپنی بیویوں سے مار کھانا پڑتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبہ اب ترقی کے اس مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں وہ اسے دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ دور بیٹیوں کے ساتھ بیٹوں کی ترقی کا بھی ہے، تاہم گزشتہ ڈھائی برسوں میں پنجاب کی خواتین اور بچیوں نے جس انداز میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔مریم نواز نے مزید بتایا کہ ان کی بھی پیراگلائیڈنگ کرنے کی خواہش تھی، لیکن ٹیم کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث وہ یہ تجربہ نہیں کرسکیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کسی موقع پر پیراگلائیڈنگ کا شوق پورا کریں گی۔تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب محض ڈگری حاصل کرنا کامیابی کے لیے کافی نہیں رہا بلکہ جدید دور میں کسی مخصوص شعبے میں مہارت حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اب عام ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے ساتھ کارڈیالوجسٹ جیسے خصوصی مہارت رکھنے والے ماہرین کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف ڈگری تک محدود نہ رکھیں بلکہ منتخب شعبے میں مزید تخصص حاصل کریں، کیونکہ مستقبل میں کامیابی کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عملی مہارت اور خصوصی تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔



















































