لاہور(این این آئی)ملک میں سردی نے اپنے رنگ جمانا شروع کر دئیے جبکہ موسم میں خنکی بڑھنے کے ساتھ دھند نے بھی مختلف شاہراہوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 کو فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ٹریفک کی آمدورفت روکنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق پہلے ایم 4 کو عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک صرف ہیوی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا تاہم دھند کی شدت میں اضافے کے باعث فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بھی ہر قسم کی ٹریفک روک دی گئی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی ضرورت کے تحت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کو ترجیح دیں۔ترجمان نے کہا کہ ڈرائیور دوران سفر رفتار کم رکھیں،
اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں۔ گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کی جائیں جبکہ ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست حالت میں رکھے جائیں تاکہ دھند کے باعث ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔



















































