اسلام آباد (نیوز ڈٰیسک)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے بلوچستان اور سابقہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کردیا ہے،
جس کے تحت تعلیمی سال 2026-27 کے لیے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ایچ ای سی کے مطابق یہ وظائف ملک بھر کی کمیشن سے منظور شدہ سرکاری اور نجی جامعات میں تمام شعبہ جات میں داخلہ لینے والے طلباء کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اسکالرشپ کے لیے مجموعی طور پر ایک ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں، جن میں بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے طلباء کو برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے 50، 50 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ درخواست دینے والے امیدوار کی عمر آخری تاریخ تک 22 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، جبکہ انٹرمیڈیٹ میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔
اس کے علاوہ امیدوار اور اس کے والد کے پاس بلوچستان یا سابقہ فاٹا کا مستند ڈومیسائل یا لوکل سرٹیفکیٹ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔منتخب ہونے والے طلباء کو سالانہ بنیادوں پر ٹیوشن اور ہاسٹل فیس کی مد میں 2 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ 12 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا، جبکہ کتابوں اور سفری اخراجات کے لیے اضافی الاؤنسز بھی اسکالرشپ کا حصہ ہوں گے۔ایچ ای سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرائیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ اہلیت اور اسکالرشپ سے متعلق مزید معلومات کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر حاصل کی جا سکتی ہیں۔



















































