اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی آئینی عدالت نے جائیداد اور وراثت کی تقسیم سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دستاویزی یا تکنیکی غلطیوں کی بنیاد پر کسی بھی وارث کو اس کے شرعی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے وراثتی جائیداد کے ایک پرانے تنازع پر 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جسے چیف جسٹس امین الدین خان نے تحریر کیا۔ فیصلے میں لاہور ہائیکورٹ کے سابقہ حکم کو برقرار رکھتے ہوئے تمام اپیلیں مسترد کردی گئیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق وراثت کی تقسیم کا تعین صرف خونی رشتے یا قرابت داری کی بنیاد پر نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی براہِ راست مرد وارث موجود نہ ہونے کی صورت میں کوئی قریبی رشتہ دار خودبخود جائیداد کا حقدار بن جاتا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ترکے کی تقسیم اسلامی قانونِ وراثت اور اس میں متعین قانونی اصولوں کے مطابق ہی ہوگی۔
وفاقی آئینی عدالت نے وضاحت کی کہ بیوہ اور بہنوں کو ان کے مقررہ شرعی حصے دینے کے بعد جو جائیداد باقی بچے گی، اس پر عصبہ یعنی قانونِ وراثت کے تحت مستحق مرد رشتہ دار کا حق ہوگا۔ عدالت کے مطابق جب قانونی عصبہ موجود ہو تو ایسی صورت میں رد کا اصول لاگو نہیں کیا جاسکتا۔
مقدمے میں ایک شہری کی وفات کے بعد اس کی چھوڑی ہوئی جائیداد کی تقسیم کا معاملہ زیرِ سماعت تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بیوہ اور بہنوں کے شرعی حصے ادا کرنے کے بعد باقی ماندہ جائیداد متوفی کے چچازاد بھائی کو منتقل ہوگی، لہٰذا اس کا قانونی دعویٰ درست ہے۔
عدالت نے مزید واضح کیا کہ محکمہ مال کے ریکارڈ میں درج اندراجات یا دیگر کاغذی کارروائیوں کی خامیاں کسی وارث کے حقیقی شرعی حق کو تبدیل نہیں کرسکتیں اور نہ ہی ان کی بنیاد پر کسی کو وراثت سے محروم کیا جاسکتا ہے۔



















































