گڈانی (این این آئی)پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن خرخیرہ پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور 51 کلوگرام چرس برآمد کرکے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
برآمد شدہ منشیات اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کی مجموعی مالیت 23 کروڑ 95لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ کسٹمز حکام نے 8 نومبر کو آر سی ڈی ہائی وے پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کوئٹہ سے آنے والی گاڑیوں کی نگرانی اور جانچ پڑتال کے دوران رجسٹریشن نمبر TKT-358 کا ٹرک روکا، جس میں بظاہر گاجروں کی تجارتی کھیپ منتقل کی جا رہی تھی۔ گاڑی کی تفصیلی تلاشی کے دوران منشیات چھپانے کے لیے بنائے گئے خفیہ خانے دریافت ہوئے، جن سے 51 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ڈرائیور محمد قاسم ساکن ضلع قلعہ عبداللہ کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات بلوچستان کے علاقے گلستان سے لوڈ کرکے کراچی منتقل کی جا رہی تھیں۔ منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک، مالی معاونین اور کراچی میں ممکنہ وصول کنندگان کا سراغ لگانے کے لیے ایف آئی آر کے اندراج سمیت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔



















































