اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی شہری کی رہائش گاہ پر مسلح افراد نے دھاوا بول کر لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں پانچ مسلح ملزمان ملوث تھے، جنہوں نے گھر میں موجود غیر ملکی شہری سمیت دیگر افراد کو یرغمال بنا لیا۔ واردات کے بعد ملزمان تقریباً 80 لاکھ روپے اور دیگر قیمتی اشیا لے کر فرار ہوگئے۔
درج مقدمے کے مطابق ڈاکو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک گھر کے اندر موجود رہے اور اس دوران انہوں نے سکیورٹی گارڈ، باورچی اور ٹرانسلیٹر کو بھی اپنے قبضے میں رکھا۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان میں سے ایک شخص پولیس یونیفارم پہنے ہوئے تھا، جس کے باعث اہل خانہ اور گھر میں موجود افراد کو مزید خوفزدہ کیا گیا۔
ملزمان نے گھر کے مختلف حصوں کی تلاشی لینے کے بعد نقد رقم اور قیمتی سامان جمع کیا اور واردات مکمل کرکے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا جبکہ جائے وقوعہ سے مختلف شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پولیس ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے۔



















































