لاہور (این این آئی) پنجاب اسمبلی میں کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے نئے اقدامات نافذ کر دئیے گئے، سرکاری ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 50فیصد کمی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بڑھتی پٹرولیم مصنوعات کے پیش نظر پنجاب اسمبلی میں ایندھن بچت کے نئے اقدامات نافذ کیے گئے ہیں ۔ اسمبلی میں سکیورٹی گاڑیوں کی تعداد ایک ایسکارٹ تک محدود ہوگی، غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات بند کرکے 70فیصد توانائی بچائی جائے گی ۔ اسمبلی اجلاس توانائی بچانے کے لیے غروبِ آفتاب سے قبل شیڈول کیا جا سکے گا،اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس ناگزیر ہونے کی صورت میں آن لائن ہوں گے۔ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تعداد کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہوگی۔تاہم پہلے سے شروع کیے پروکیورمنٹ عمل کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔
پنجاب اسمبلی کے ارکان اور افسران کے غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کی اسکالرشپ پر دورہ پابندی سے مستثنیٰ ہوگا،مستثنیٰ غیر ملکی دوروں میں ارکان و افسران اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔ضروری روزمرہ اشیاء کے علاوہ تمام خریداری کم سے کم سطح پر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیپر لیس ورکنگ ماحول اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں پر پابندی ہوگی ، کفایت شعاری اقدامات پر اسمبلی اجلاس کے دوران مناسب تبدیلی کی اجازت ہوگی ۔ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ،سیکرٹری جنرل کی سربراہی میں کفایت شعاری کمیٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی۔



















































