اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی ولیمہ کی تقریب جاتی امرا میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، عسکری اور سماجی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے دلہا دلہن اور مہمانوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آ گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ولیمہ جاتی امرا فارمز میں منعقد ہوا، جہاں تقریباً 800 مہمانوں کی آمد ہوئی۔ شرکاء میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنید صفدر کی دعوتِ ولیمہ میں شرکت۔۔ pic.twitter.com/aUodfKhnRN
— Bushra Rajpoot (@Bushra_mRajpoot) January 18, 2026
تقریب میں موسیقی کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا، جہاں 50 رکنی آرکسٹرا نے مختلف دھنیں پیش کیں، جبکہ اس کی قیادت بین الاقوامی شہرت یافتہ میوزک ڈائریکٹر نجاد علی نے کی۔ولیمنے میں ملکی سیاستدانوں کے علاوہ معروف کاروباری شخصیات اور غیر ملکی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع کے لیے لاہور جاز انسیمبل بینڈ نے سات دن تک مسلسل مشق کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جنید صفدر کو شادی کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کے ولیمہ کی تقریبات pic.twitter.com/P8giv1pKTa
— Zohaib Choudhary (@chsaimali4u) January 18, 2026
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس نئے رشتے کو محبت، اعتماد اور خوشیوں سے بھر دے اور یہ ازدواجی سفر دونوں خاندانوں کے لیے خیر و برکت کا باعث بنے۔تقریب میں جنید صفدر نے سفید شلوار کے ساتھ گرے رنگ کی شیروانی زیب تن کی، جبکہ دلہن شانزے علی پنک رنگ کے عروسی لباس میں نظر آئیں۔ نواز شریف، مریم نواز اور جنید صفدر خود مہمانوں کے استقبال میں مصروف رہے۔واضح رہے کہ جنید صفدر کا نکاح گزشتہ روز انجام پایا تھا، جو چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے پڑھایا۔ اس سے قبل ان کی مہندی کی تقریب بھی جاتی امرا میں ہوئی تھی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئیں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اپنے صاحبزادے جنید صفدر کے دعوت ولیمہ میں شرکت کے لیے آ رہی ہیں pic.twitter.com/BeoiMnVyyd
— Ulfat Hussain Mughal (@ulfatmughal10) January 18, 2026
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جنید صفدر کی یہ دوسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی 2021 میں عائشہ سیف خان سے لندن میں ہوئی تھی، جس کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں تقریبات منعقد کی گئیں، تاہم بعد ازاں دونوں میں علیحدگی ہو گئی اور اکتوبر 2023 میں جنید صفدر نے سوشل میڈیا کے ذریعے طلاق کا اعلان کیا تھا۔
















































