اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کے 3ہزار 500سے زائد شہریوں کو گزشتہ ایک برس کے دوران مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیا گیا، جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے سب سے زیادہ پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا۔ذرائع کے مطابق رواں برس کے 11ماہ کے دوران مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 3ہزار 500سے زائد کا اضافہ رہا۔2025کے 11ماہ کے دوران 20ہزار 262 پاکستانی بیرون ممالک سے کراچی ڈی پورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ برس اسی مدت میں ڈی پورٹ ہونیوالے پاکستانیوں کی تعداد 16ہزار 461تھی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کی اکثریت کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے ڈی پورٹ کیا گیا، عمرہ اور وزٹ ویزا پر خلیجی ممالک پہنچنے والے پاکستانیوں میں بھیک مانگنے والوں کی تعداد زیادہ رہی۔اسی طرح جعلی دستاویزات سمیت وزٹ ویزوں پر مختلف ممالک پہنچنے کے بعد یورپ اور دیگر ممالک جانے کی کوشش کے حامل افراد بھی کراچی ڈی پورٹ ہوئے۔















































