کراچی(این این آئی)بھارتی نیوی نے 11پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ماہی گیروں میں 10سال سے بھی کم عمر کے 2بچے بھی شامل ہیں جبکہ ماہی گیروں نے وزرات انسانی حقوق اور پاکستان ہیومن رائٹس سے فوری مداخلت کی اپیل کردی۔جمعے کو بھارت کی نیوی نے پاکستانی کشتی سمیت 11 ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والے ماہی گیروں میں ابراہیم حیدری کے رہائشی ماہی گیروں میں 2بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمر 10 سال سے بھی کم ہیں۔گرفتار ماہی گیروں کا تعلق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے ہے۔
ان افراد میں زیادہ تر بوگانی محلہ کے رہنے والے شامل ہیں، سین بوگانی سمیت تمام ماہی گیر گاجر کیری سیزن میں سمندر گئے تھے جبکہ بھارتی فورسز نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر حراست میں لیا۔گرفتاری کا پتہ چلنے پر ابراہیم حیدری میں گھروں میں کہرام برپا ہے اور اہل خانہ شدید پریشان ہیں، تمام ماہی گیر ایک ہی خاندان کے افراد بتائے جاتے ہیں۔دوسری جانب ماہی گیروں نے وزرات انسانی حقوق اور پاکستان ہیومن رائٹس سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بچوں اور ان کے خاندان کی واپسی ممکن بنائی جائے۔















































