اسلام آباد (ان این آ ئی) محکمہ موسمیات کی رجب المرجب کے چاند کے حوالے سے بڑی پیش گوئی سامنے آگئی۔تفصیلات کے مطابق رجب کی آمد آمد ہے اور پوری دنیا کے مسلمان یکم رجب المرجب کا بے تابی کے ساتھ انتظار کررہے ہیں۔اس کی ایک وجہ رمضان المبارک بھی ہے کیونکہ رجب کا چاند طلوع ہونے کے بعد رمضان المبارک کو صرف دو ماہ باقی رہ جاتے ہیں۔
رجب ہجری کیلنڈر کا ساتواں مہینہ ہے اور اسلام کے چار مقدس مہینوں میں سے ایک شمار ہوتا ہے۔محکمہ موسمیات نے سال 1447 ہجری کا ماہ رجب کا مہینہ 21 یا 22 دسمبر 2025 سے شروع ہونے کی پیش گوئی کردی تاہم چونکہ اسلامی مہینے چاند کی رویت پر مبنی ہوتے ہیں، لہٰذا تاریخیں مختلف ہوسکتی ہیں۔ماہ رجب کو رمضان کی روحانی تیاری کا مہینہ سمجھا جاتا ہے، یہ وقت ہے کہ مسلمان اپنے تعلقاتِ الہی کو مضبوط کریں، گناہوں سے توبہ کریں اور نیک اعمال میں اضافہ کریں۔رجب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا مطلب ہے ”کسی چیز کی مدد یا تقویت دینا” اور یہ لفظ ”عزت اور احترام” کے مفہوم سے بھی جڑا ہوا ہے۔















































