اسلا م آباد(نیوز ڈ یسک )سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید جلد ہی 9 مئی سے متعلق مقدمات میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف عدالت میں بیان دیں گے۔نجی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ عمران خان ان کیسز میں تیزی سے قانونی گرفت میں آتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے مطابق فیض حمید صرف زبانی بیان نہیں دیں گے بلکہ ٹھوس شواہد بھی عدالت کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے کچھ معاملات میں کوتاہی ہوئی، لیکن جب انہیں صورتحال کا علم ہوا تو انہوں نے فیض حمید کو منصب سے ہٹانے کی کوشش کی۔ فیصل واوڈا کے بقول جنرل (ر) باجوہ اب اس معاملے میں ذمہ دار نہیں ٹھہرتے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔سینیٹر کے مطابق تمام حقائق سامنے آنے کے بعد کارروائی کا محور پی ٹی آئی اور اس کے بانی کی طرف بڑھتا دکھائی دیتا ہے۔















































