فیصل آباد (این این آئی)فیصل آباد میں گن پوائنٹ پر بچوں سے زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے کے دوران فرار ہونے کے بعد پھر گرفتار ہو گیا تاہم ملزم کو چھڑانے والے ساتھی فرار ہوگئے۔حکام کے مطابق جاوید انور اسسٹنٹ سب انسپکٹر ملازمان کے ہمراہ زیر حراست ملزم ریاض عرف راجو کو اسلحہ برآمدگی کیلئے لے کر جا رہے تھے کہ 90سیم پل کے قریب پہنچے تو 4نامعلوم مسلح ملزمان 2عدد موٹر سائیکلوں پر آئے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ملزم کو چھین کر لے گئے۔اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ بلوچنی و پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچی جس پرملزمان نے پولیس پارٹی سے مقابلہ شروع کردیا۔
پولیس پارٹی نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ رکنے پر چیکنگ کے دوران ملزم ریاض عرف راجو زخمی حالت میں پڑا ملا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہوا جبکہ اس کے ساتھی ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے،مضروب ملزم کو فوری برائے علاج معالجہ ہسپتال بھجوا دیا گیا جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے شہر بھر میں ناکہ بندی کرکے ان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔















































