اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس نے متعدد سیکشنز ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔ ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر تک ایم 5 جبکہ ایم ون پر پشاور سے رشکئی تک راستہ مکمل طور پر بند ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق رشکئی سے برہان تک ٹریفک بحال کر دی گئی ہے جبکہ حدِ نگاہ بہتر ہونے کے بعد پشاور سے اسلام آباد تک ایم ون کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی بندش شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ قومی شاہراہ پر بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور کے مقامات پر بھی دھند چھائی ہوئی ہے جس سے نظر آنے کی صلاحیت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ڈرائیورز کو انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ لین تبدیل کرنے کی غلطی سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے لہٰذا لین ڈسپلن پر سختی سے عمل ضروری ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے دوران بہتر اور محفوظ سفر کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں، اس لیے ممکن ہو تو اسی دوران سفر کیا جائے۔ ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کا استعمال، گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ اور تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مزید برآں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کسی بھی مدد یا معلومات کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔















































