اسلام آباد(نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے وزارت سے استعفیٰ دینے کے بعد پارٹی سرگرمیوں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے، جس کے باعث اُن کے بارے میں مختلف سوالات اٹھنے لگے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق “جیو نیوز” کو بتایا گیا ہے کہ یومِ سیاہ کے موقع پر علی امین نہ تو پشاور میں دکھائی دیے، نہ ہی جلسے میں شریک ہوئے۔ اسی طرح اسلام آباد میں ارکانِ اسمبلی کے احتجاج میں بھی ان کی غیر حاضری نمایاں رہی۔ اطلاع کے مطابق وہ اہم پارٹی اجلاسوں میں بھی موجود نہیں ہوتے اور زیادہ تر رہنماؤں سے رابطے ختم کیے ہوئے ہیں۔ذرائع کا دعویٰ یہ بھی ہے کہ علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے ساتھ مالی معاونت کا سلسلہ بھی روک دیا ہے جس پر پارٹی کے اندرونی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ کے ترجمان فراز مغل کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور ان دنوں اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق جیسے ہی پارٹی بانی کی جانب سے کوئی کال آئے گی، وہ ہمیشہ کی طرح سب سے آگے کھڑے ہوں گے۔















































