کراچی(این این آئی) ڈیفنس خیابان مجاہد میں گھریلو ملازم تاجر کے گھر 5 کروڑ سے زائد کی ڈکیتی کرکے فرار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بغیر تصدیق ملازم رکھنا ایک اور تاجر کو مہنگا پڑگیا۔ڈیفنس فیزفائیو خیابان مجاہد میں تاجر کے گھر پانچ کروڑ سے زائد کی ڈکیتی ہوئی ، جو کسی اور نے نہیں بلکہ مبینہ طور پر گھر کے ملازم بلال کی جانب سے کی گئی ہے۔اس واردات کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا، ڈکیتی دو روز قبل ملازم بلال اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے کی گئی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ تاجر اپنے گھرسے والدہ کے ہمراہ نکلا، گھرپرصرف نانی موجود تھی، کچھ ہی دیر بعد نانی کی جانب سے فون آیا کہ واردات ہوگئی ہے۔ایف آئی آر میں مزید کہنا تھا کہ پتہ چلا ہمارے نکلتے ہی ملازم بلال دو ساتھیوں سمیت گھر آیا چھری اور اسلحے کے زور پرنانی کو یرغمال بناکرواردات کی ، نانی کے ہاتھ میں 90 لاکھ سے زائد مالیت کے 20 تولے کے کڑے اتارے ہاتھ میں پہنی پانچ قیمتی انگھوٹیاں بھی اتروائی۔اس کے علاوہ الماری سے 10 طلائی سیٹ، ایک قیمتی ہیروں کا ہارانگوٹھیاں، رنگ، بالیاں اور ثقافتی ہار بھی لوٹے گئے، قیمتی رولیکس اور کارٹئیرسمیت 3 گھڑیاں بھی لوٹی جبکہ سونے کے دو بسکٹ اورالماری میں رکھے 4 لاکھ کیش بھی لوٹے گئے۔واردات کے بعد ملزم نے گھر پر ہی کھڑی موٹرسائیکل لے کر ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔















































