لاہور (این این آئی) چھ سال قبل اغواء ہونے والی خاتون فوزیہ بی بی کی بازیابی پنجاب پولیس کے لئے ایک پیچیدہ معمہ بن گئی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم 11دسمبر کو کیس کی سماعت کریں گی ۔درخواست گزار خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی بیٹی کو جنات لے گئے ہیں ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سائلہ حمیداں بی بی کی درخواست پر بطور ریگولر کیس سماعت کریں گی۔ سینئر پولیس افسران پیشرفت رپورٹ کیساتھ ہوں گے ۔
درخواست گزارحمیداں بی بی نے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ اس کی بیٹی فوزیہ بی بی کو 2019ء میں اغواء کیا گیا تھا تاہم پولیس تاحال اسے بازیاب نہیں کر سکی۔ فوزیہ بی بی کے اغواء کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج کیا گیا تھا، جس میں مغویہ کے شوہر اور ساس کو نامزد کیا گیا ہے۔ حیران کن طور پر درخواست گزارخاتون کے بیانات میں یہ دعویٰ بھی سامنے آ چکا ہے کہ اس کی بیٹی فوزیہ بی بی کو جنات لے گئے ہیں۔ جس پر عدالت نے شدید اظہار تشویش کیا تھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اس کیس میں دو مرتبہ لاہور ہائیکورٹ کے روبرو پیش ہو چکے ہیں اور ہر بار مغوی کی بازیابی کیلئے مزید مہلت طلب کی۔















































