اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کراچی سے سکھر روانہ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 536 نے جیسے ہی اڑان بھری، صرف 17 منٹ بعد طیارے میں تکنیکی خرابی نمودار ہوگئی جس کے باعث اسے واپس کراچی ائیرپورٹ پر اتارنا پڑا۔اطلاعات کے مطابق اے ٹی آر طیارے میں سندھ کے وزیرِ بلدیات ناصر شاہ اور سکھر کے میئر ارسلان شیخ بھی موجود تھے۔
راستے میں خرابی سامنے آنے پر پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد طیارے کو کراچی واپس لایا گیا۔ایئرپورٹ لینڈنگ کے بعد پرواز منسوخ کردی گئی اور مسافروں کو اس تکنیکی مسئلے سے متعلق آگاہ بھی کیا گیا۔واپسی پر ناصر شاہ جہاز سے اتر کر ایئرپورٹ سے رخصت ہوگئے۔ انہیں آج سکھر میں ایک اہم تقریب میں شرکت کرنا تھی مگر پرواز منسوخ ہونے کے باعث وہ نہ جا سکے۔















































