اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے وضاحت کی ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) کی تقرری سے متعلق قوانین میں خصوصی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اب آرمی چیف کے لیے کوئی مخصوص ریٹائرمنٹ عمر مقرر نہیں رہی، جبکہ CDF کی تعیناتی پانچ سال کے لیے ہوگی اور مدت مکمل ہونے کے بعد دوبارہ تقرری کا امکان بھی موجود ہے۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 29 نومبر کو الگ سے گزٹ نوٹیفکیشن کی ضرورت پیش نہیں آئی، کیونکہ اس سے متعلق نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری ہوچکا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بار کونسل کے نمائندے انتخابات کے ذریعے آتے ہیں، اس لیے انہیں حکومت کا نمائندہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔پروگرام میں شریک سینیٹر ولید اقبال نے اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔ ان کے مطابق غیر منتخب حکومت نے یہ ترامیم منظور کروا کر اعلیٰ عدلیہ کو بھی سرکاری اداروں کے ماتحت کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب یہ قانون سازی کی جارہی تھی تو سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔















































