اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گہری دھند اور کمزور حدِ نگاہ کے باعث موٹروے حکام نے ایم ون پشاور تا برہان اور ایم 5 ظاہر پیر سے اوچ شریف تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند نے سفری صورتحال انتہائی خطرناک بنا دی ہے، اسی لیے ڈرائیورز خصوصاً رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے بچیں۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی دھند کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کچھ دیر قبل فضائی آلودگی کے پیمانے پر لاہور 397 اے کیو آئی کے ساتھ صوبے کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کی معلومات کے مطابق قصور میں ائیر کوالٹی انڈیکس 368، مظفرگڑھ میں 315 جبکہ نارووال میں 311 ریکارڈ کیا گیا۔دیگر شہروں میں بھی صورتحال تشویش ناک ہے۔ ماحولیاتی ویب سائٹس کے مطابق گوجرانوالہ کا اے کیو آئی 308 تک پہنچ گیا، اور لاہور 194 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔















































