اسلام آباد میں سیکرٹریٹ چوک شاہراہ دستور پر ایک افسوسناک حادثے میں اسکوٹی کو ٹکر لگنے کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق ہو گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت ثمرین اور تابندہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد جاں بحق ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون کے بھائی نے بتایا کہ اس کی بہن اپنی دوست کے ساتھ گھر واپس آ رہی تھی کہ اچانک اس کا فون آیا اور معلوم ہوا کہ وہ اسپتال میں حادثے کا شکار ہوئی ہیں۔ اسپتال پہنچنے پر دونوں خواتین کو مردہ پایا گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈرائیور کے والد عدلیہ سے تعلق رکھتے ہیں، اور موقع پر ڈرائیور نے اپنا شناختی کارڈ یا ڈرائیونگ لائسنس پیش نہیں کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔















































