پشاور- وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اور ان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دبانے کی کوششیں جاری ہیں اور صوبے کو این ایف سی ایوارڈ میں اس کا جائز حصہ نہیں دیا جارہا۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 دسمبر کو ہونے والے اہم اجلاس میں وہ صوبے کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں خیبر پختونخوا کو این ایف سی کے تحت 1 ہزار 350 ارب روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی، جو کہ صوبے کے ساتھ واضح ناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز صوبے کی یونیورسٹیوں میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر ایک مؤقف اختیار کریں۔ ان کے مطابق پرامن احتجاج انصاف کے حصول کا بنیادی طریقہ ہے اور تین بار حکومت بنانے سے ان کی کارکردگی کا ثبوت ملتا ہے۔















































