لاہور( این این آئی)ملک میں نومبر کے وسط سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق آئندہ تین سے چار ماہ کے دوران پاکستان میں معمول کے مطابق بارشوں اور دن کی نسبت رات کے اوقات میں سخت سردی متوقع ہے۔نومبر کے آخر تک سائبیریا سے آنے والی ٹھنڈی ہوائیں شمالی اور وسطی پاکستان میں سردی کو بڑھا دیں گی۔ میدانی اور جنوبی علاقے معمول کے درجہ حرارت کا سامنا کریں گے جبکہ شمالی علاقوں میں دسمبر کے دوران شدید سردی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سائبیرین ہائی پریشر سسٹم نومبر کے اختتام سے فعال ہوگا، جو ملک بھر میں درجہ حرارت کو بتدریج کم کرے گا۔شمالی علاقوں میں برفباری معمول سے کم رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان، چترال اور بالائی خیبرپختونخوا ہ میں اس سال برفباری معمول سے کچھ کم رہنے کا امکان ہے،نومبر کے وسط سے دسمبر تک برف جمنے کا عمل تیز ہو جائے گا۔ماہرین کے مطابق کم برفباری سے گلیشیئرزکے حجم پر اثر پڑ سکتا ہے لیکن 2026 کی گرمیوں میں پانی کی شدید قلت کا امکان نہیں کیونکہ اس سال مون سون میں ڈیموں میں مناسب ذخیرہ موجود ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے جنوبی حصوں میں خشک سالی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پاکستان خاص طور پر جنوب مغربی بلوچستان اور سندھ کے کچھ علاقے، ہلکی سے معتدل خشک سالی کا سامنا کر سکتے ہیں۔ بلوچستان کے اضلاع چاغی، نوشکی، پنجگور اور گوادر کو خشک سالی کے ہاٹ اسپاٹس قرار دیا گیا ہے۔















































