اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پسندیدہ افراد میں شامل ہیں۔
نجی ٹی وی چینل اے بی این نیوز کے پروگرام میں اینکر علینہ شگری سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ جب علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تو “یہ جان کر حیرت ہوئی کہ یہ دونوں وہ شخصیات ہیں جنہیں آرمی چیف پسند کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک شخص نے انہیں بتایا کہ ایک میٹنگ کے دوران آرمی چیف نے محسن نقوی کی جانب دیکھ کر کہا، “کیا آپ نے انہیں بتایا کہ میں ان کو پسند کرتا ہوں؟” — اور یہ بھی کہا کہ “جب بھی بیرسٹر گوہر ٹی وی پر آتے ہیں، میں آواز بڑھا کر سنتا ہوں کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔” شیر افضل مروت کے مطابق، علی امین گنڈاپور کے بارے میں بھی آرمی چیف نے مختلف ملاقاتوں میں مثبت باتیں کی تھیں۔
اس سے قبل بھی شیر افضل مروت نے ایک بڑا دعویٰ کیا تھا کہ حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان 25 نومبر 2024 کو ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت عمران خان کی رہائی ہونی تھی۔
ان کے مطابق، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان 3 نومبر کو مذاکرات کا آغاز ہوا، جس کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں علی امین گنڈاپور، بیرسٹر گوہر، محسن نقوی اور رانا ثناء اللہ شامل تھے۔ ایک موقع پر شیر افضل مروت بھی اس کمیٹی کا حصہ بنے۔
انہوں نے بتایا کہ ان مذاکرات کے دوران کئی نکات پر اتفاق ہوا، جن میں عمران خان کی رہائی بھی شامل تھی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف کو اپنا طیارہ فراہم کیا تاکہ وہ مزید ملاقاتیں کر سکیں۔
شیر افضل مروت کے مطابق، 25 نومبر کی رات بیرسٹر گوہر جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے گئے، جہاں عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرنا تھا۔ اس معاہدے کے مطابق، عمران خان کو اگلی صبح رہا کیا جانا تھا۔ تاہم، یہ سب اس وقت رک گیا جب رینجرز کا واقعہ پیش آگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت اور ریاست دونوں کی کوشش تھی کہ کوئی تصادم نہ ہو اور تمام معاملات پرامن طریقے سے طے پا جائیں۔
شیر افضل مروت نے مزید بتایا کہ بیرسٹر گوہر نے عمران خان سے کہا کہ وہ ویڈیو ریکارڈ کروا دیں تاکہ خیبرپختونخوا سے آنے والے کارکنوں کو دکھا کر انہیں سنگجانی سے آگے بڑھنے سے روکا جا سکے۔ عمران خان نے اس پر جواب دیا کہ موبائل تو جیل والے لے لیتے ہیں، اس لیے وہ کسی اور کے موبائل پر ویڈیو نہیں بنانا چاہتے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پر بحث ہوئی کہ ویڈیو جیل کی سلاخوں کے اِس طرف بنے یا اُس طرف، لیکن آخر کار فیصلہ ہوا کہ بیرسٹر گوہر اگلی صبح اپنا موبائل لائیں گے۔ تاہم، رینجرز اہلکاروں کے واقعے نے تمام منصوبہ بندی بدل دی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر وہ واقعہ نہ ہوتا تو نہ صرف عمران خان کی رہائی ممکن ہوتی بلکہ بہت سے سیاسی معاملات بھی حل ہو چکے ہوتے۔
فیلڈ مارشل علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کو پسند کرتے ہیں ، فیلڈ مارشل نے محسن نقوی کو کہا کہ آپ نے ان کو بتایا ہے کہ میں ان کو پسند کرتا ہوں ، فیلڈ مارشل نے یہ بھی کہا کہ جب ٹی وی پر بیرسٹر گوہر کا بیان آتا ہے تو میں ٹی وی کی آواز بڑھا دیتا ہوں ۔ شیر افضل مروت pic.twitter.com/acYdVPsdvl
— Zubair Ali Khan (@ZubairAlikhanUN) October 30, 2025





 
							













































