چکوال (نیوز ڈیسک) پنجاب کے ضلع چکوال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گھر سے پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسر کی 15 روز پرانی لاش ملی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ محلہ زمرد ٹاؤن میں پیش آیا۔ متوفی کی شناخت 64 سالہ خورشید بابر کے نام سے ہوئی جو اپنی رہائشگاہ کی پہلی منزل پر مردہ حالت میں پائے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ خورشید بابر پاک فضائیہ سے ریٹائرڈ تھے۔ ان کے چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، بیٹیاں چکوال میں ہی مقیم ہیں جبکہ بیٹا روزگار کے سلسلے میں بیرونِ ملک رہائش پذیر ہے۔
اہلِ محلہ کے مطابق، خورشید بابر اور ان کی اہلیہ کے درمیان طویل عرصے سے علاقہ بندی اور ناراضگی چلی آ رہی تھی۔ دونوں ایک ہی مکان میں الگ الگ منزلوں پر رہتے تھے — نیچے اہلیہ اور اوپر خورشید بابر۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ خورشید بابر کے داماد نے کئی روز تک ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر فون مسلسل بند ملا۔ اس پر اس نے اپنے بیٹے (خورشید بابر کے نواسے) کو ان کی خیریت معلوم کرنے کے لیے بھیجا۔
نواسہ جب گھر پہنچا تو پہلی منزل کی سیڑھیوں کا دروازہ اندر سے بند تھا۔ اس نے پڑوسیوں کی مدد سے چھت کے راستے اوپر جا کر دیکھا تو کمرے سے شدید بدبو آ رہی تھی۔ شور سن کر اہلِ محلہ بھی جمع ہو گئے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے جب دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو کمرے میں لائٹ اور پنکھا چل رہے تھے جبکہ چارپائی پر خورشید بابر کی مسخ شدہ لاش موجود تھی۔ ان کے جسم پر قمیض نہیں تھی اور پیٹ پھولا ہوا تھا۔ ابتدائی مشاہدے کے مطابق، وہ چارپائی پر بیٹھے ہوئے پیچھے کی جانب گر کر فوت ہوئے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کی وفات کو تقریباً پندرہ دن گزر چکے تھے۔ پولیس کے مطابق مرحوم کو شوگر اور بلڈ پریشر کے امراض لاحق تھے۔














































