`جماعتِ اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے پیشگوئی کی ہے کہ مشتاق احمد خان جلد دوبارہ جماعت اسلامی میں واپس آئیں گے۔لوئر دیر میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت شدید مالی اور انتظامی بحران سے دوچار ہے۔ ان کے بقول صوبہ گزشتہ دو ہفتوں سے بغیر کابینہ کے صرف بیوروکریسی کے سہارے چل رہا ہے، جو نہایت تشویشناک صورتحال ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سیاسی مخالفین کے خلاف دیا گیا بیان افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
خبر رساں ادارے آئی این پی کے مطابق سراج الحق نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، روٹی کی قیمت 30 روپے سے اوپر جا چکی ہے، مگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو سیاسی اختلافات سے بالا ہو کر عوامی مسائل اور ریلیف اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔سراج الحق نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی لگانا غیر جمہوری اور غیر اخلاقی عمل ہے، جو سیاسی عدم برداشت کو فروغ دے رہا ہے۔















































