گوجرانوالہ (این این آئی)گوجرانوالہ میں ٹرک اور ہائی روف میں تصادم سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کو ہسپتال پہنچادیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ میں قلعہ دیوان سنگھ کے قریب ٹرک اور ہائی روف میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے، واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہیں۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور لاشوں کو بھی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، حادثے کا شکار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ٹرک اور ہائی روف میں تصادم کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہوئے والوں میں 55 سالہ نسرین، 45 سالہ رخسانہ، 20 سالہ آمنہ، 13 سالہ اذان، 60 سالہ امجد، 25 سالہ جبران شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 55 سالہ مجیدہ بی بی، 30 سالہ شبانہ اور 25 سالہ انم شامل ہے، حادثے کا شکار ہونے والا خاندان مختار کالونی جناح روڈ کا رہائشی ہے۔















































