میرپور خاص (نمائندہ خصوصی) سندھ کے شہر میرپور خاص میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں فریاد لے کر پولیس اسٹیشن آنے والی خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون نے ڈی آئی جی کو تحریری درخواست دی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ اپنی لاپتہ بیٹی کی بازیابی کے لیے مہران پولیس اسٹیشن گئی تھی، تاہم وہاں اس کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او میرخادم تالپور کو معطل کر دیا ہے اور مکمل انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔پولیس کے مطابق خاتون اور ایس ایچ او، دونوں کے میڈیکل نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفصیلی میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔















































