پتوکی(این این آئی)پتوکی کے علاقے حبیب آباد میں اونچی آواز میں گانا لگانے پر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی دکان پر اونچی آواز میں میڈم نور جہاں کے پنجابی گانے لگائے ہوئے تھے۔
پولیس اہلکار گشت کے دوران جاوید نگر بائی پاس کے قریب پہنچے تو وہاں پر کچھ دکانداروں نے شکایت کی کہ ملزم فاروق نے اپنی دکان پر اونچی آواز میں گانے لگا رکھے ہیں جس سے ارد گرد کے لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔پولیس نے دفعہ 144 اور پنجاب ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم فاروق کو گرفتار کر کے اس کا ایمپلی فائر اور سپیکر بھی قبضے میں لے لیا۔ملزم کے خلاف تھانہ صدر پتوکی میں پنجاب ساؤنڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔















































