چکوال(این این آئی)تھانہ ڈوہمن کے علاقے جھیک اڈا میں اپنی 12 سالہ بیٹی سے زیادتی کرنے والا باپ زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔ پولیس کے مطابق پولیس نے گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا، جہاں دو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ ملزم لیاقت علی ولد حاکم خان سکنہ جھیک اڈا اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ پولیس نے جوابی ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے ملزم لیاقت علی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ فرار ہونے والے ساتھی ملزم کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ زخمی ہونے والے ملزم کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
متاثرہ بچی کے ماموں نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بہن کی شادی پندرہ برس قبل جھیک اڈا میں ایک شخص کے ساتھ ہوئی جس سے ایک بیٹی اور دو بیٹے ہیں۔ دو سال قبل خاوند نے مدعی کی بہن کو طلاق دے دی۔ تینوں بچے اپنے والد کے ساتھ ہی رہ رہے تھے۔
کل 19 اکتوبر کو دوسری ہمشیرہ اپنی بھانجی اور بھانجوں کو جب ملنے گئی تو بارہ سالہ بھانجی نے خالہ کو بتایا کہ اس کا والد نہ صرف خود اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا ہے بلکہ امام مسجد جو ملہال مغلاں سے اسے قرآن پڑھانے آتا ہے وہ بھی اس کو چار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنا چکا ہے۔ بچی نے یہ بھی بتایا کہ اس کے والد نے ایک اور شخص کے پیسے دینے تھے، پیسے نہ دے سکا اور اس شخص کو گھر بلا کر خود گھر سے نکل گیا۔ پھر اس شخص نے بھی اس کے ساتھ ریپ کیا۔ یہ شخص ہر دوسرے روز آتا اور اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا۔