لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایک ماہ میں غیر قانونی اسلحہ جمع نہ کرانے والوں کے خلاف سخت قانونی عمل میں لائی جائے گی ۔ دوسری جانب لاہور پولیس قیام امن کے لئے سرگرم ہے اورغیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اعداد و شماری کے مطابق سال2025میں غیر قانونی اسلحہ اوراسلحہ کی نمائش کے مرتکب 7254 ملزمان گرفتار اور7184مقدمات درج کئے گئے، گرفتارملزمان کے قبضہ سے 43کلاشنکوف،333رائفلیں اور277گنیں برآمد کی گئیں۔
ملزمان سے6439پسٹل اور32059گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس شہرکو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے پر عزم ہے، غیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، سپروائزری افسران حکومتی ایس او پیز کے مطابق اسلحہ ڈیلرزکے سٹاک کا معائنہ کریں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور بیچنے والے ریکارڈ یافتہ ملزمان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، شہری اپنا قانونی اسلحہ ایک ماہ میں پولیس خدمت مراکز سے رجسٹر کروائیں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری غیر قانونی سرگرمیوں سے اجتناب کریں، قانون کے احترام کو اپنا شعار بنائیں۔