لاہور /راولپنڈی(این این آئی)پنجاب بھر میں پرتشدد احتجاج پر مذہبی جماعت کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا جس کے تحت گرفتار کارکنوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی۔پنجاب پولیس کے مطابق پرتشدد احتجاج میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں فہرستوں کے مطابق تیز کر دی گئی ہیں ، صوبے بھر میں 5 ہزار 100 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں 624 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ،فیصل آباد میں بھی 145 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب پولیس افسران نے مذہبی جماعت کی ہڑتال کی کال کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹیں اور بازار کھلے ہیں، دکانیں زبردستی بند کروانے پر سخت کارروائی ہوگی ادھر، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے مذہبی جماعت کے کارکنوں کے خلاف باغبانپورہ تھانے میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار 11 ملزمان کو دس دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔دریں اثنا، انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بھی مذہبی جماعت کے 30 سے زائد گرفتار کارکنوں کو شناخت پریڈ کے لیے 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تک پنجاب بھر میں جاری کریک ڈاؤن میں گرفتاریوں کی تعداد 3400 تک پہنچی تھی جبکہ لاہور سے گرفتار ملزمان کی تعداد 326 تھی۔واضح رہے کہ رواں ہفتے لاہور اور مریدکے سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے پرتشدد احتجاج کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا تھا۔





























