راولپنڈی (این این آئی)نومنتخب وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سب سے پہلے پاکستان ہے ،اس کے بعد باقی چیزیں آتی ہیں۔اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ قائد اعظم بانی پاکستان ہیں اور سب سے پہلے پاکستان ہے اس کے بعد باقی چیزیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بننے کے دن سے بانی کی رہائی کے اقدامات شروع کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق اور پنجاب حکومت کو خط لکھا تھا کہ وزیراعلی کے پی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں مگر ہمیں کوئی جواب نہیں ملا۔وزیراعلی نے کہا کہ شہباز شریف نے فون کر کے مبارک باد دی جس پر میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں میں نے وزیراعظم کو بتایا کہ کے پی ساڑھے چار کروڑ عوام کا صوبہ ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو بتایا ہمارے سیاسی اور ذاتی اختلافات میں عوام نہیں آنے چاہئیں، وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے اپنے لیڈر سے ملاقات کی اجازت دی جائے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کو پتہ کر کے بتاتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لیڈر سے ملاقات کیلئے ہر آئینی و قانونی راستہ اپنائیں گے، ہم نے پہلے بھی آئین اور قانونی راستہ اختیار کیا اب بھی کرینگے، پی ٹی آئی پر الزام لگایا جاتا ہے یہ احتجاجی سیاست کرتے ہیں، جب ہمیں عدالتوں سے انصاف نہ ملے تو پرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا ہے یہ آپشن ابھی بھی کھلا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ایڈاوئزری کونسل بنانی ہوگی تو میں خود بنائونگا ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی کابینہ کیلئے بانی سے مشاورت کرونگا اپنی بھی تجاویز دونگا۔