اسلا م آباد(این این آئی)حکومت نے خیبرپختونخوا میں موجود افغان مہاجر ین کے تمام کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق جمعرات کو خیبرپختونخوا میں موجود افغان مہاجر ین کے تمام کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ وزارت سیفران کی طرف سے افغان مہاجر کیمپس کو ختم کرنے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزارت سیفران نے آخری 28افغان مہاجر کیمپس ختم کرنے کا کہا ہے، پشاور میں8، نوشہرہ میں 3، ہنگو میں 5اور کوہاٹ میں 4افغان مہاجرین کیمپس ختم کیے گئے ہیں، اسی طرح مردان اور صوابی میں 2،2جب کہ بونیر میں ایک اور دیر میں 3مہاجر کیمپس بند کیے گئے ہیں۔اعلامیے میں افغان کمیشنریٹ کو کیمپس کی زمینیں صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ وزارت سیفران کے مطابق یہ اقدام افغان مہاجرین کی واپسی کے سلسلے میں حکومتی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔