اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو اسلام آباد مارچ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔
ڈی آئی خان میں منعقدہ مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کا روٹ عوام کے مفاد میں ہے، لہٰذا کارکن اسلام آباد کی جانب روانگی کے لیے تیاریاں شروع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا مقصد جمہوریت کا فروغ ہے، ہم گالم گلوچ یا بدتہذیبی کی سیاست نہیں کرتے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کی افادیت ختم ہوتی جا رہی ہے، ہم عوامی جمہوریت کے حامی ہیں، تاہم 2024 کا عام انتخاب دھاندلی سے آلودہ تھا، جس کا نتیجہ ہم قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2018 کے انتخابات میں بھی مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا اور اُس وقت بھی ہم نے نتائج تسلیم نہیں کیے تھے۔
اپنے خطاب میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو بھوک اور ظلم کے ذریعے دبانے کی کوشش کی گئی، جبکہ قائداعظم محمد علی جناح نے واضح طور پر کہا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے۔