اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کل (16 اکتوبر) اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
اس ملاقات کے انتظامات کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے یہ مراسلہ وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کو بھجوایا ہے۔
مراسلے میں درخواست کی گئی ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کے لیے ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ آج ہی سہیل آفریدی نے گورنر ہاؤس پشاور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں سیاسی، سماجی اور انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔