اسلا آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کو پشاور کے علاقے کینٹ سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ “صنم جاوید کو پشاور سے حراست میں لیا گیا ہے۔ کچھ دیر قبل پشاور کی ایک مصروف سڑک پر دو گاڑیوں نے ان کی گاڑی کو روکا، انہیں زبردستی گاڑی سے باہر نکالا اور ان کے ساتھ موجود ساتھیوں کے سامنے اپنی گاڑیوں میں بٹھا کر لے گئے۔
“اینکر عمران ریاض خان نے بھی اپنے بیان میں بتایا کہ “صنم جاوید کو پشاور کینٹ کے علاقے سے نامعلوم افراد نے اٹھایا۔ کارروائی میں دو ویگو گاڑیاں شامل تھیں، اور اس موقع پر کوئی پولیس اہلکار موجود نہیں تھا۔”ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ صنم جاوید کو کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم آزاد اردو کی رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انہیں پرتشدد واقعات سے متعلق ایک کیس میں حراست میں لیا ہے، اور ان پر سنگین الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے کہ صنم جاوید کی بہن فلک جاوید پہلے ہی گرفتار ہو چکی ہیں اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔