راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پیر ودھائی کے علاقے میں فائرنگ کے ایک لرزہ خیز واقعے نے سب کو دہلا دیا، جہاں ایک ہی خاندان کے تین افراد قتل جبکہ دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق محلہ صفدر آباد میں 25 سالہ احتشام کو ایک روز قبل بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا۔ جب پولیس ٹیم مقتول کے اہل خانہ کے ساتھ تفتیش کے لیے موقع پر پہنچی تو ملزم نے اچانک کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں مقتول احتشام کا والد چوہدری سرور اور بھائی علی واحد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو پولیس اہلکار، انسپکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ شدید زخمی ہوکر اسپتال منتقل کیے گئے۔ زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت چوہدری سلمان کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف تھانہ پیر ودھائی میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔ پولیس جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر گھریلو جھگڑے اور غیرت کے نام پر پیش آیا ہے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او پیر ودھائی بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔