لاہور (نیوز ڈیسک) اسلام پورہ کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی نے افسوسناک رخ اختیار کر لیا۔ بل کی ادائیگی اور بجلی کا میٹر اترنے پر ہونے والے جھگڑے کے دوران بیٹے کے دھکے سے والد زمین پر گر گیا اور بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران 58 سالہ عبدالمجید کو ان کے بیٹے ابو بکر نے دھکا دیا جس کے باعث وہ منہ کے بل زمین پر گرے اور شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر اسلام پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی سٹی نے بروقت ردعمل پر ایس ایچ او اسلام پورہ اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات میں قانون اپنا راستہ ضرور بنائے گا۔