راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سی سی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے بھابھڑا بازار میں ایک طالبہ کو ہراساں کرنے اور نازیبا حرکت کرنے والے شخص کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے ٹیوشن سے واپس آتی ایک لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آچکی ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں درج کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم نے فرار ہونے کے لیے پولیس پر فائرنگ کی کوشش کی لیکن پستول لوڈ کرتے وقت گولی چل گئی جو اس کے اپنے ہی ہاتھ پر لگی۔ بعد ازاں اسے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے جرائم ناقابل برداشت ہیں، اور معاشرے میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔