اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کچھ عناصر پارٹی کے اندر مایوسی پھیلانے اور اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے عمران خان کو آگاہ کیا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر توجہ دینے کے بجائے اختلافات بڑھانے کی مہم چل رہی ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وی لاگرز اس عمل میں کردار ادا کر رہے ہیں اور افسوس کی بات یہ ہے کہ علیمہ خان ان کو روکنے کے بجائے ان کی حمایت کر رہی ہیں۔
ان کے مطابق حفیظ اللہ نیازی بھی ایسے مضامین لکھ رہے ہیں جن میں علیمہ خان کو وزیرِاعظم اور پارٹی چیئرپرسن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، اور باقاعدہ یہ تاثر قائم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے کہ انہیں پارٹی کی قیادت دی جائے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گروپ بندیاں پارٹی کے اندرونی ڈھانچے کو کمزور کر رہی ہیں اور کچھ لوگ اپنے ذاتی مفادات کے لیے یہ سب کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام حقائق انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے اتحاد کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ اصل ضرورت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت بجٹ پیش نہ کرتی تو قانونی طور پر نااہلی کا سامنا کرنا پڑتا اور حکومت ختم ہو جاتی۔