اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق چنیوٹ، گوجرہ، گجرات اور جڑانوالہ کے مختلف علاقوں میں سی سی ڈی ٹیموں نے کارروائیاں کیں جن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان مارے گئے۔پہلا مقابلہ چنیوٹ میں ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ اس دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ جھنگ فیصل آباد روڈ پر شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کے بعد ملزمان کھیتوں میں چھپ گئے تھے، سرچ آپریشن کے دوران ملزم حسن جہانگیر کی لاش برآمد ہوئی۔
گوجرہ میں ایک اور کارروائی کے دوران دو ملزمان مارے گئے۔ پولیس کے مطابق مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی میں ریاست علی اور محمد ارشاد نامی دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔گجرات میں ہنجرا پل کے قریب ہونے والے مقابلے میں بھی دو بدنام زمانہ ملزمان مارے گئے۔ سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں شاہد پرویز شامل ہے جو 60 سے زائد مقدمات میں مطلوب اور چار مقدمات میں اشتہاری تھا۔ وہ بین الاضلاعی مویشی چور اور ڈکیتی گینگ کا سرغنہ تھا۔
دوسرا ہلاک ملزم ذیشان اسلم ڈھائی درجن سے زائد مقدمات میں نامزد تھا اور اس کے جرائم کا نیٹ ورک خوشاب، سرگودھا اور گجرات تک پھیلا ہوا تھا۔اسی طرح جڑانوالہ میں تھانہ سٹی کی حدود میں ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک اور دو فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تین ڈاکو سید والا روڈ پر شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عدنان اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے مارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو سنگین وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔