اسلام آباد (نیوز ڈیسک) موسمیاتی ماہر جواد میمن کے مطابق آج کراچی میں موسم غیر معمولی حد تک گرم اور مرطوب رہنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ نمی کے باعث درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، تاہم گرمی کی شدت انسانی جسم کو 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ محسوس ہو گی۔جواد میمن نے مزید وضاحت کی کہ پوسٹ مون سون سیزن میں ہوا کا ایک نمایاں کم دباؤ بھارتی ریاست گجرات میں موجود ہے، جو مزید طاقت پکڑ کر “ڈیپریشن” میں تبدیل ہونے کا امکان رکھتا ہے۔
اسی نظام کی وجہ سے کراچی میں سمندری ہوائیں رکی ہوئی ہیں اور امکان ہے کہ یہ سسٹم بحیرہ عرب کی سمت بھی بڑھ سکتا ہے۔ان کے مطابق، آج شہر کے نواحی علاقوں میں مقامی بادل بننے اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے امکانات موجود ہیں۔ ماہرِ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ 30 ستمبر کو کراچی کے مختلف حصوں میں بارش ہو سکتی ہے۔