اسلام آباد (نیوز ڈیسک )موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال دنیا کو شدید سردی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور 2025-26 کا موسم سرما گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ سرد ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ لا نینا ہے، جو استوائی بحرالکاہل میں سمندر کی سطح کو ٹھنڈا کرنے والا ایک موسمی رجحان ہے اور اس سال دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لا نینا کے باعث ہوا کی گردش اور جیٹ اسٹریم کے رویے میں تبدیلی آتی ہے، جس کے نتیجے میں کئی خطوں میں سخت سردی، طویل ٹھنڈ اور بھاری برف باری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔امریکی کلائمیٹ پریڈکشن سینٹر سمیت مختلف موسمیاتی اداروں نے اس حوالے سے الرٹ جاری کیے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بحرالکاہل کے مخصوص حصوں میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو آنے والے مہینوں میں لا نینا کی واپسی کی نشاندہی کرتا ہے۔یاد رہے کہ ایل نینو اور لا نینا ایک دوسرے کے بالکل برعکس اثرات ڈالتے ہیں اور پاکستان سمیت خطے کے موسم کو نمایاں طور پر متاثر کرتے ہیں۔