اسلام آباد (نیوز ڈیسک)میمن گوٹھ سے ملنے والی تین خواجہ سراؤں کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم نے اہم حقائق آشکار کر دیے۔پولیس سرجن کے مطابق رات گئے کیے گئے میڈیکل معائنے میں معلوم ہوا کہ تینوں افراد کو قریب سے متعدد گولیاں ماری گئیں، جبکہ موت کی وجہ زیادہ خون بہنا قرار دی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی مدد سے فائرنگ میں استعمال ہونے والے اسلحے اور محرکات کا پتا لگایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میمن گوٹھ کے ویران علاقے سے تین خواجہ سراؤں کی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں، جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ مقتولین کی شناخت الیکس عرف عینی، جیئل عرف سمیرا اور اسماء کے ناموں سے ہوئی، جو صفورہ اور بلاول گوٹھ میں رہائش پذیر تھے۔ایس ایس پی ملیر عبد الخالق پیرزادہ کے مطابق جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے دو خول برآمد ہوئے ہیں۔ چونکہ اس مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے، پولیس نے قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے جیو فینسنگ کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے۔