اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں یکم اکتوبر سے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کے تحت ڈرائیور کی گرفتاری کے ساتھ گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی زیرِ صدارت عوامی خدمات سے متعلق اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اب بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ یکم اکتوبر سے پہلے لازمی طور پر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر لیں۔
اس مقصد کے لیے آئی جی نے لائسنس کے اجراء کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کا فیض آباد آفس شہریوں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے کھلا رہے گا جبکہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت 11 خدمت مراکز پر بھی فراہم کی گئی ہے۔ ان مراکز کے اوقات کار شام 6 بجے سے بڑھا کر رات 9 بجے تک کردیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔