راولپنڈی (این این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں ایک گواہ جھوٹا ثابت ہوا ہے، جھوٹی گواہی پر کیس ختم ہونا چاہیے۔اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 4 پیغامات بھیجے ہیں اور کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاہدہ کی بہت اہمیت ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر رابطے تیز اور بحال رکھنے چاہییں، بانی نے کہا حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لئے سعادت ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ایک گواہ جھوٹا ثابت ہوا ہے، جھوٹی گواہی پر کیس ختم ہونا چاہیے، سابق ملٹری سیکریٹری نے بھی تمام دستاویزات کو درست قرار دیا، لگتا ایسے ہے اگلی دو تین سماعتوں میں کیس ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے اس کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی رہا ہوجائیں گے۔علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کے جلسے کی ذمہ داری علی امین گنڈا پور اور جنید اکبر کو سونپی ہے۔علیمہ خان کی میڈیا ٹاک سے قبل صحافیوں نے احتجاج کیا اور کہا کہ علیمہ خان صاحبہ آپ اپنی مرضی کی بات کر کے سوالوں کا جواب نہیں دیتیں، یہ درست عمل نہیں۔صحافیوں نے کہا کہ آپ پہلے ہمارے سوال لیں، ان کا جواب دیں،علیمہ خان نے سوالوں کے جواب دینے کا وعدہ کیا اور کہا ٹاک کے بعد جواب دیں گی۔بعد ازاں علیمہ خان نے سوال سنے بغیر ہی میڈیا ٹاک ختم کردی جس پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا اور اس دوران صحافی اور پی ٹی آئی ورکرز آمنے سامنے آگئے۔اس موقع پر صحافیوں اور پی ٹی آئی ورکرز میں ایک بار پھر تلخ کلامی ہوئی۔